جہاں کھیلوں کے گراونڈ آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں: کمشنر ساہیوال، شہریوں کا مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدائت

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں تاکہ مختلف کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کھلاڑیوں کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور یہ نہ صرف انسان کی جسمانی بلکہ ذہنی نشوونما کیلئے بھی بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمخانہ کرکٹ گراونڈ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ”کھیلتا پنجاب گیمز2024“ کے ڈویژنل سطح کے مقابلہ جات کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ڈپٹی کمشنر صائمہ علی، ممبرز پنجاب اسمبلی ارشد ملک،ملک قاسم ندیم، ڈویژنل سپورٹس آفیسر میاں نثار الحق، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مہر عامر رشید اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے گراونڈ آباد رہتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ سپورٹس ڈسٹرکٹ لیول کے مقابلہ جات کی طرح ڈویژنل لیول کے مقابلوں پر بھی بہترین انتظامات کا اہتمام کرے۔دوسری طرف پسپ پروگرام کے تحت فرید ٹا¶ن میں 24انچ قطر کی سیوریج پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے جو توقع ہے کہ اس ہفتے کے آخر تک اسے مکمل کر لیا جائیگا۔ اس سے پہلے 27انچ اور 30انچ قطر کے پائپ ڈالنے کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ یہ بات پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقدہ مختلف محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ کالج روڈ اور فرید ٹا¶ن روڈ پر ازسر نو تعمیر پر کام بھی تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ15روز میں دونوں سڑکوں پر اسفالٹ کا کام مکمل کر لیا جائیگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کنعان پارک میں سیوریج لائن ڈالنے کے بعد اس کی مکمل بحالی کی ہدایت کی تاکہ پارک کو اس کی اصل شکل میں دوبارہ لایا جا سکے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن میں بلڈنگ برانچ کیلئے ریکارڈ روم کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ شہریوں کا تمام ریکارڈ محفوظ بنانے کیلئے کمپیوٹرائزیشن کا جاری کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔