اسلام آباد (مشرق نیوز) پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان نہ کوئی رابطہ ہے اور نہ ہوسکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رابطے سے متعلق خبر جعلی ہے، جعلی خبر احتجاج کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا پی ٹی آئی سے بات چیت سے انکار میرے نوٹس میں نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ابھی تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی، ابھی بات نہیں احتجاج ریکارڈ کرنا ہے۔
حکومت، پی ٹی آئی اعلیٰ سطح رابطہ، ممکنہ بریک تھرو کی کوششیں، مذاکرات کامیاب ہوئے تو 24 نومبر کا احتجاج ملتوی ہوسکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ تمام حلقوں میں 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی نے منتخب نمائندوں کو اپنے حلقوں میں تیاریاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل نے کہا کہ جدوجہد کنٹینرز اور پولیس کی وجہ سے نہیں رکتی۔ زرتاج گل نے مزید کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان کے حوصلے بلند ہیں اور جدوجہد جاری رہے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت جھوٹ اور مقدمات کی بنیادوں پر کھڑی ہے۔
حکومت ،پی ٹی آئی کے درمیان نہ کوئی رابطہ ہے اور نہ ہوسکتا ہے: وقاص اکرم، بیرسٹر سیف، زرتاج گل



















