اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ اس نے ٹی وی چینلز پر تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کے اکمل خان باری کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کی ٹی وی چینلز بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہیں کر رہے، بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کر کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ٹی وی چینلز کو بانی پی ٹی آئی کا نام نشر کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پیمرا نے اپنی رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کرادی۔
عدالت میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں پیمرا نے کہا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا، درخواست گزار نے پیمرا کی جانب سے ایسے کسی حکم سے متعلق ثبوت نہیں دیا۔ معاون وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، اس پر جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دئیے کہ وہ کبھی بھی تشریف نہیں لائے، انہوں نے صرف درخواست دائر کرنا ہوتی ہے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ پیمرا آرڈیننس کے مطابق درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ہی لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا: پیمرا



















