ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت سیوریج لائن ڈالنے کے بعد سڑکوں اور گلیوں کی بحالی میں سست رفتاری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بحالی کے کام کو ترجیحاً مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹوٹی سڑکوں اور دھول مٹی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے سڑکوں کی مرمت کا جاری تمام کام 15نومبر تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر صفدر حسین، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور سٹی منیجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے سرکی بازار میں سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد مرمت نہ کرنے پر متعلقہ کمپنی کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو متعلقہ تعمیراتی کمپنیوں کے پاس مشینری کی کمی بارے خط لکھنے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے مختلف مارکیٹوں میں دوکانداروں سے کرائے کی وصولی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ وصولی میں اضافہ کیا جائے۔ چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک4کروڑ44لاکھ58ہزار سے زائد بقایاجات وصول کئے جا چکے ہیں۔ میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر وقاص اکرم نے بتایا کہ شہر کی مارکیٹوں میں ڈرینز اور نالیوں کی صفائی اور مرمت کے لئے جامع منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے جس سے وہاں سیوریج کے مسائل بڑی حد تک حل ہو جائیں گے جس پر 24لاکھ روپے اخراجات آئیں گے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے کمرشل علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مہم بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھنے کی ہدیت کی اور کہا کہ دیپالپور بازار میں مرغی اور مچھلی فروشوں کو کسی صورت سڑک پر نہ آنے دیا جائے۔
سڑکوں، گلیوں کی بحالی کا سست روی کا شکار،کمشنر ساہیوال کا اظہار ناراضگی



















