ستائیسویں ترمیم میں فوجی عدالتوں سے متعلق کوئی قانون سازی شامل نہیں: بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم میں فوجی عدالتوں سے متعلق کوئی قانون سازی شامل نہیں ہے اور اس حوالے سے پی ٹی آئی کے دعوے غلط اور گمراہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ 27ویں آئینی ترمیم میں فوجی عدالتوں سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے۔

انہوں نے کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا کا یہ الزام بالکل غلط ہے کہ حکومت فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے ترمیم لا رہی ہے۔ 27ویں آئینی ترمیم کی ٹائم لائن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ترمیم اگلے سال کی جائے گی تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ ترمیم رواں سال میں ہی مکمل کرلی جائیگی جس میں صرف 2 ماہ باقی ہیں، اس دوران سی او پی سمیت متعدد بین الاقوامی مصروفیات اور غیر ملکی وفود کے دورے بھی شامل ہیں۔