مستونگ میں دہشتگردی،سکول کے قریب دھماکہ،بچوں سمیت9شہید،35سے زائد زخمی

مستونگ ،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مستونگ میں دہشتگردی،سکول کے قریب دھماکہ،بچوں سمیت 9افراد شہید،35سے زائد زخمی ہوگئے۔


سکیورٹی حکام کے مطابق سول ہسپتال چوک پر گرلز ہائی سکول کے قریب موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد کوریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا،سکول وین سمیت پولیس گاڑی بھی دھماکے کی زد میں آگئی، جاں بحق ہونےوالوں میں بچے، پولیس اہلکار اور راہگیر شامل ہیں،بچوں کی عمریں 5 سے10 سال کے درمیان ہیں،دھماکے سے پولیس موبائل مکمل تباہ دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا،دھماکے کی آواز قریبی علاقوں میں بھی سنی گئی ، 11 زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا،5کی حالت تشویش ناک ہے ۔

ادھر بلوچستان حکومت نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی محکمہ داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی، صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے ٹراما سینٹر کا دورہ کرکے زخمی افراد کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے ور ثا سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہادہشتگردوں نے مزدوروں کےساتھ اب معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، معصوم بچوں ،بے گناہ افراد کے خون کا حساب لیں گے،شہری آبادی میں مقامی افراد کو بھی دہشتگردوں پر نظر رکھنا ہوگی، مل جل کر ہی دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا مستونگ میں سکول پر دھماکہ تعلیم دشمنی کا ثبوت ہے، دہشتگرد بزدلانہ حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے قرار واقعی سزا دلوانے کےساتھ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں،شہبازشریف نے کہا دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے پولیس افسروں و جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہادہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کےلئے اپنی سکیورٹی فورسز ،قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں، دکھ کی گھڑی میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کےساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے کہابچوں کو نشانہ بنا کر بربریت کا مظاہرہ کیا گیا، معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں،شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔