شمالی وزیرستان،چیک پوسٹ پر حملہ،8 شہید،دکی میں دھماکہ،3اہلکار زخمی
میر علی،دکی،جنوبی وزیرستان :(بیورورپورٹ)شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ،سکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید ،5 زخمی ہوگئے۔
دہشتگردوں نے میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس ،آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا،سینئر پولیس افسر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرا یا، شہید افراد میں 4 پولیس اہلکار، 2 فوجی اور 2 عام شہری شامل ہیں،ساتھ فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا ،زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ،متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
دریں اثنا بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے مندے ٹک کے قریب ایف سی کی گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا، 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب اپر جنوبی وزیرستان میں سابق سینیٹر صالح شاہ کے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا گیا،گھر مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔



















