آئینی ترمیم چیلنج کرنے پر مشاورت شروع،احتجاج کا آپشن بھی موجود ہے،نعیم الرحمن

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے آئینی ترمیم کےلئے اختیار کیا گیا پورا عمل ہی مشکوک تھا، پی ڈی ایم حکومت نے رات کی تاریکی میں جو کیا وہ ملک وقوم کےلئے المیہ ہے، افسوس مفتی محمود کے صاحبزادے ، پوتے اور بھٹو کے نواسے ،داماد نے ملکر آئین کی روح کو پامال کیا،سوال ہے کیا فارم 47کی پیداوار پارلیمنٹ کوآئین تبدیل کرنے کاحق حاصل ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا لاہور سے نواز شریف کے حق میں 70ہزار سے زائد ووٹ ڈلوائے نہیں لکھوائے گئے، صاحبزادی مریم نواز اور بھائی بھی دھاندلی سے جیتے، فارم45 دیکھ لیں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں 22سیٹوں والی ایم کیو ایم کراچی کے ساڑھے 5 ہزار پولنگ سٹیشنز میں سے ایک پر بھی کامیاب نہیں ہوئی، بہتر ہوا پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ اجلاس کا بائیکاٹ کیا، باربار توجہ دلائی گئی کھیل کا حصہ نہ بنیں، فضل الرحمن نے پہلے آئینی ترمیم کو کلی طور پر مسترد کیا بعد میں شق وار مطالعہ میں پڑے اور اب وہ حکومت کا حصہ ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا پی ڈی ایم نے 2018 میں رجیم چینج کے نام پر سندھ ہاﺅس میں منڈی لگا کر جمہوریت پر شب خون مارا اور اب آئین سے کھلواڑ کیا،قانونی مشاورت کر رہے ہیں آئینی ترمیم پر موجودہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں، احتجاج کا آپشن بھی موجود ہے، فیصلے مشاورت سے کریں گے۔