اسلام آباد: (بیورورپورٹ)شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی کانفرنس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں،غیرملکی سفارتکاروں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔
دفتر خارجہ نے غیر ملکی سفارت کاروں کو خط لکھ کر کہا اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تمام سفارت کار اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے پر غور کریں، غیر ملکی سفارت کار اپنی سرگرمیوں کو ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو تک محدود رکھیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے اسلام آباد کا دورہ کیا، تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا،محسن نقوی نے کہا پورے اسلام آباد خصوصاً وی وی آئی پی روٹس اور ریڈ زون کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے،کانفرنس کے شایان شان انتظامات کئے جائیں گے۔
ایس سی اوسمٹ ،سفرا نقل و حرکت محدود رکھیں،دفتر خارجہ کامراسلہ



















