چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنائیں گے:صدر زرداری،اشک آباد پہنچ گئے


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) صدر آصف زرداری نے کہاہے چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنائیں گے،آصف زرداری نے عوامی جمہوریہ چین کے سفار تخانے کا دورہ کیا اور چینی سفیر جیانگ زئے دونگ کےساتھ ملاقات کی۔

آصف زرداری نے چینی سفیر سے 7 اکتوبر کو دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا،آصف زرداری نے دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں اور بہنوں کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور گھناو¿نے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری2 روزہ دورے پر ترکمانستان پہنچ گئے،اشک آباد ایئرپورٹ پر ترکمانستان کے ڈپٹی پرائم منسٹر باتر امانوو نے صدر مملکت کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے،صدر مملکت ترکمانستان کے قومی شاعر مخدوم گلی فراغی کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والے بین الاقوامی فورم سے خطاب کریں گے،صدر مملکت اپنے دورے کے دوران ترکمانستان کی سینئر قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔