آئینی عدالت قائم کرنے کے عمل کو مخالفت کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے :راجہ پرویز اشرف
لاہور (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئینی عدالت قائم کرنے کے عمل کو مخالفت کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے،اصلاحات کسی فرد واحد کے لئے نہیں بلکہ مستقبل کےلئے ہیں ،پاکستان کا عدالتی نظام اس وقت ڈلیور نہیں کر رہا، لوگ 20سے 25سال تک عدالتوں میں خوار ہوتے ہیں، شہید بھٹو کیس میں ہمیں کئی برسوں کے بعد انصاف ملا ،بلاول بھٹو آئینی عدالت یا ترامیم کی بات کرتے ہیں تو اس میں انکا کیا ذاتی فائدہ ہے،چارٹر آف ڈیموکریسی کے بعد اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کرنا شروع کر دی،اس کے بعد ایک دوسرے کی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جانے لگا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاﺅن میں وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ ،صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین اور شہزاد سعید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ججوں کا تقرر ایسے ہونا چاہیے جو سب کے لئے قابل بھروسہ ہو ،سپریم کورٹ کے علاہ آئینی عدالت ہو جو سیاسی وآئینی مسائل سنے اوریہ آئینی عدالتیں صوبے میں بھی ہونی چاہئیں ۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئینی ترمیم کی بات 25کروڑ عوام کے لئے کرتی ہے، اللہ کرے کہ بلاول بھٹو اس مشن میں کامیاب ہوں۔ انہوں نے کے پی کے حکومت سے متعلق کہا کہ کیا کوئی صوبہ وفاق کے خلاف ایسے کر سکتا ہے جیسے وہ کر رہے ہیں۔اپنے اداروں کو غیر مستحکم کرنے کی بات کر کے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کرائیں گے۔شنگھائی تنظیم کے اجلاس کے موقع پر یہ ڈارمہ کر کے آپ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں،اس مقبولیت کا کیا فائدہ جو ملکی مفاد میں نہ ہو۔سیاسی کارکن کی نظر میں پہلے ملک کا احترام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اکھٹا بیٹھ کر سوچ و فکر کرنے کی ضرورت ہے،پیپلز پارٹی وسطی پنجاب توقع کرتی ہے کہ ساری سیاسی جماعتیں متفقہ عدالتی نظام لانے میں تعاون کریں گی ۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ اصلاحات کسی فرد واحد کے لئے نہیں بلکہ مستقبل کے لئے ہیں،پیپلز پارٹی 18برس سے آئینی عدالت کا معاملہ اٹھا رہی ہے۔ایک دوسرے سے دست و گریبان ہونے کی بجائے پارلیمان میں بات کرنی چاہیے۔ہم بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی آئین کی خالق جماعت ہے جس نے دیگر جماعتوں سے ملکر 73کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا،پھر پیپلز پارٹی سے کیسے کسی غیر آئینی اقدام اقدام کی توقع کر سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد پارٹی تنظیموں کے نوٹیفکیشن کر دیں گے۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال سب کے سامنے ہے ایک جماعت ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے،جو پارلیمان کی سپر میسی کو مختلف حربوں سے غیر یقینی بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیر اعلی تین مرتبہ مرکز پر لشکر کشی کرتا ہے۔مارگلہ کی پہاڑیوں سے کن 12اضلاع سے گزر کے وہ کہاں گیا ۔انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے جس آئینی عدالت کا مطالبہ کیا وہ کسی فرد واحد کے لئے نہیں۔ہم تو لوئر کورٹس میں بھی سول اور کریمنل کورٹس علیحدہ کرنا چاہتے ہیں۔



















