ایک اور بغاوت ناکام ،انقلاب لانے والے جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے،عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹرسے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پی ٹی آئی کی ایک اور9مئی کی بغاوت ناکام بنا دی ،انقلاب لانے کیلئے نکلنے والے جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا وفاقی ،پنجاب حکومت کی بہترین حکمت عملی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی،شرپسندوں کے پتھرا ﺅسے سینئر پولیس اہلکار شہید ،درجنوں زخمی ہیں،دہشتگرد ،فسادی کہتے ہیںاحتجاج پرامن تھا، خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل ،ملازمین کے ذریعے وفاق پر یلغار کی گئی،احتجاج میں خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں ،افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش ،تحقیق طلب ہے،پنجاب کے عوام نے تحریک فساد ،ماسٹر مائنڈ کو پھر مسترد کردیا۔

وزیر اطلاعات نے کہاجس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے ہیں وہ قوم کے بچوں کو ریاست کےخلاف استعمال کر رہا ہے، مجھے اپنے بچوں کو فتنہ سیاست کی بھینٹ چڑھا نے والے والدین پر افسوس ہے،کیا خیبر پختونخوا کے لوگوں کی قسمت میں دھرنے،جلسے اور مار دھاڑ ہی باقی رہ گئے ؟،خیبر پختوانخواہ کے عوام کو اپنے بہتر مستقبل کےلئے شرپسندوں کا محاسبہ کرنا چاہیے۔