احتجاج کی آڑ میں بلوائیوں کا اسلام آباد پر دھاوا، جلاﺅ گھیراﺅ،بھاری اسلحہ برآمد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)احتجاج کی آڑ میں بلوائیوں کا اسلام آباد پر دھاوا، جلاﺅ گھیراﺅ،بھاری اسلحہ برآمد،خیبر پختونخوا پولیس کے وسائل کابے دریغ استعمال،فوٹیج اورہوشربا حقائق منظر عام پر آگئے۔

ہنگامہ آرائی پھیلانے کی نیت سے خیبر پختونخوا سے آنےوالے شر پسندوں نے تمام قانونی حدود پھلانگتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کیے ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا،خیبر پختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو سول کپڑوں میں مظاہرین کی آڑ میں لا کر اسلام آباد پر دھاوے کےلئے استعمال کیا گیا۔

شر پسندی میں ملوث خیبر پختونخوا پولیس کے سول کپڑوں میں ملبوس 22 اور سی ٹی ڈی کے 2 اہلکاروں کو پکڑا گیا، پولیس اہلکار پرتشدد کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے یا لینے کے بعد راہ فرار اختیار کرتے پکڑے گئے،ہوشربا طور پر سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں سے بھاری مقدار میں آنسو گیس، پتھر، کنچے، ڈنڈے اور غلیلیں برآمد ہوئیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کے منظور نظر سینئر پولیس افسر کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی گاڑیوں میں پشاور سے بھاری مقدار میں آنسو گیس کے شیل، آنسو گیس ماسک، کنچے، غلیلیں اور پتھر چھپا کر اسلام آباد لائے گئے،اسلام آباد پہنچنے کے بعد سارا تخریب کاری کا سامان شر پسندوں کے حوالے کیا گیا۔

دوسر ی جانب وفاقی وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران برآمد اسلحہ کی فوٹیج جاری کردی،ترجمان کے مطابق احتجاج کے دوران شرپسندوں سے اسلحہ، آتشی مواد و دیگر سامان برآمد کیا گیا ۔