پاکستانی بہت محبت کرنےوالے ہیں،امت مسلمہ متحد ہوجائے،ذاکر نائیک

اسلام آباد،کراچی:(بیورورپورٹ)معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہاہے پاکستانی بہت محبت کرنے والے ہیں،امت مسلمہ اختلافات بھلا کر متحد ہوجائے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی ،امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،مذہبی سکالر نے کہااسلام امن ، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے، میرا مقصد دنیا میں حقیقی پیغام اجاگر کرنا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا اسلامی تعلیمات امن،رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں، پیغام عام کرنے میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،امت مسلمہ کو متحد ہونے اور ایک دوسرے کےساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے،آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد بین المسلمین میں ہے،پاکستان عالمی سطح پر امن و مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،بعد ازاں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سپیکر قومی اسمبلی کےساتھ ایوان کا دورہ بھی کیا۔

علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمن سے ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ، ملاقات اسلام آباد میں سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ پر ہوئی، فضل الرحمن نے مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دئیے، ڈاکٹر ذاکرنائیک نے پرفیوم کا تحفہ دیا۔

فضل الرحمن نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہ آپ نے گھر آکر رونق بخشی، ڈاکٹر صاحب جیسے سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں،ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا فضل الرحمن سے ملاقات میری خواہش تھی جو پوری ہوئی۔

دریں اثناپاکستانی اینکرز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر نے کہا مسلمان ممالک کو نیٹو کی طرح کا اتحاد تشکیل دینا چاہیے، نیٹو کے 32 ممالک ہیں ، اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہو تو تمام ممالک پر حملہ تصور ہوتا ہے، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ہو گا،مسلمانوں کو انفرادی طور پر جتنا بھی ہوسکے فلسطینیوں کی مالی امداد کرنی چاہیے۔