پاکستان میں دوبارہ ترقی شروع،مہنگائی ،بیروزگاری کم ہوگی:آئی ایم ایف

نیویارک: (خواجہ فارو ق)پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی ،مہنگائی و بےروزگاری کم ہوگی،7 ارب ڈالر کے نئے قرض کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف نے رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ میں کہا گیارواں مالی سال معاشی ترقی کی رفتار بڑھ کر3.2 فیصد تک جا سکتی ہے ،مہنگائی کی اوسط شرح 23.4 سے کم ہو کر9.5 فیصد رہنے کا امکان ہے ،بےروزگاری 8 فیصد سے کم ہو کر7.5 فیصد پر آنے کا تخمینہ لگایا گیا،بجٹ خسارہ 6.8 فیصد سے کم ہو کر 6.1 فیصد پر آسکتا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کی معاشی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف سمیت حکومت کے ذمہ واجب الادا قرضوں کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے، جی ڈی پی کے لحاظ سے قرض 69.2 فیصد سے بڑھ کر 71.4 فیصد ہو سکتا ہے ،خام زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر12.75 ارب ڈالر تک جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر نے انگریزی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں کہاپاکستان میں معاشی استحکام کی خوش آئند واپسی ہوئی،ترقی دوبارہ شروع ہوگئی،افراط زر میں ڈرامائی کمی آئی ، زرمبادلہ کی شرح مستحکم ہورہی ہے ،غیر ملکی ذخائر دگنا سے زائد ہوگئے۔

ناتھن پورٹر نے کہا2023 کے وسط میں پاکستان کو درپیش انتہائی بیرونی دباو وغیر یقینی صورتحال کے پیش نظر تبدیلی کی رفتار قابل ذکر ہے،پائیدار و مضبوط ترقی کی جانب پیش قدمی اب بھی پاکستان کیلئے چیلنج ہے کیونکہ ماضی میں بڑھائے گئے ہر قدم نے پاکستان کو پہلے سے زیادہ کمزورو مقروض کیا ۔