دہشتگردی مقدمہ،گنڈاپور وارنٹ گرفتاری ،توڑ پھوڑ کیس میں ضمانت خارج

اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)انسداد دہشتگردی عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دئیے۔

پی ٹی آئی رہنماو¿ں پر 9 مئی کے مقدمات کی درخواستوں پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں ہوئی،وکیل ظہور الحسن کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ درخواست جمع کرائی گئی۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے،جج طاہرعباس سپرا نے ریمارکس دئیے پچھلی مرتبہ حاضری سے معافی کی درخواست دی ، 8 کو جلسے میں طبیعت ٹھیک تھی، وکیل ظہور الحسن نے کہا عدالت استثنیٰ کی درخواست منظور کرے یقین دہانی کراتا ہوں علی امین گنڈا پور حاضر ہوں گے۔

جج طاہر عباس سپرا نے استثنیٰ درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور، واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دےدیا ،فیصل جاوید کی حاضری معافی درخواست منظور کرکے سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت نے علی امین گنڈاپورکی جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں درخواست ضمانت خارج کر دی،وکیل صفائی نے کہا راستے بند ہیں، میرا رابطہ ہوا ہے، علی امین گنڈاپور پیش نہیں ہو سکتے، عدالت ایک موقع دے،پیش ہوں گے۔

جج نے ریمارکس دئیے بغیر کسی وجہ کے ہر مرتبہ ریلیف نہیں دے سکتے، آخری مرتبہ بھی آپ کی مرضی کی تاریخ دی گئی ،اے ٹی سی جج طاہر عباس سپرا نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد درخواست ضمانت خارج کردی،علاوہ ازیں اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کیخلاف اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

دوران سماعت عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وکلا سے استفسار کیا ضامن کدھر ہے؟ ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وکیل نے کہا ضامن تو عمرے پر ہے،ایڈووکیٹ ظہورالحسن نے کہا ریاست بڑی جابر ہوئی ہے، جی ٹی روڈ، موٹرویز سب بند ہیں، مقصد میرے مو¿کل کے وارنٹ گرفتاری جاری کرانا ہے،عدالت نے استفسار کیا علی امین گنڈاپور ہیں کہاں لاہور میں ہیں یا پشاور میں؟ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے کیا علی امین گنڈا پور آجائیں گے؟۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے میڈیا نمائندگان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ باہر جائیں مجھے راجہ ظہور الحسن سے کچھ بات کرنی ہے،بعدازاں علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاجج شائستہ کنڈی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی اورفائل سیشن جج کو بھجوادی۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو 5 اکتوبر تک کسی بھی مقدمے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا،تحریری حکم نامے میں کہا گیاوزیراعلیٰ کےخلاف وفاق اور پنجاب میں جتنے مقدمات درج ہیں،تفصیل درخواست گزار کو فراہم کی جائے اگر کسی مقدمے میں گرفتار کرنا ہو تو عدالت کو پہلے آگاہ کیا جائے،وزیراعلیٰ صوبے کے چیف ایگزیکٹوہیں ،عوام نے مینڈیٹ دیا ۔