جمہوریت کا اصل مقصد عوام کو حقوق فراہم کرنا ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ جمہوریت کا اصل مقصد عوام کو ان کے حقوق فراہم کرنا ہے۔ عوامی فلاح کے منصوبے جمہوریت کی اصل روح ہیں۔جمہوریت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہوتی ہے اس کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر ملک احمد خان نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کا نام ہے ۔قوم کو درپیش چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے۔اس دن کا مقصد عوام میں جمہوریت کے استحکام کیلئے شعور بیدارکرنا ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ جمہوری عمل کو ترقی کے ساتھ مربوط کرنا ہوگا،یہی بقا اورکامیابی کا راستہ ہے۔