اڈیالہ جیل کا قیدی شیطانی سوچ سے صوبوں کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے‘ عظمیٰ بخاری


لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ نے کہاہے علی امین گنڈاپور نے عوامی اعتماد کھو دیا، اڈیالہ جیل کا قیدی شیطانی سوچ سے صوبوں کو آپس میں لڑانا چاہتا ہے،صوبائیت و لسانیت کارڈ عمران خان کے اپنے ہی گلے پڑے گا۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاپی ٹی آئی کے اپنے ہی لوگ گنڈا پور کو مسٹر 10 پرسنٹ کہہ رہے ہیں جس صوبے میں پی ٹی آئی کی پچھلے 11 سالوں سے حکومت ہے وہاں غربت، روزگاری و مہنگائی عروج پر ہے، ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دوسرے صوبے پر چڑھائی کی باتیں کر کے بغاوت کو ہوا دے رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا پہلی ناکام بغاوت کے ثمرات ابھی تک بھگت رہے ہیں، دن کے وقت یہ لوگ بھیڑئیے بنتے ،رات کو لومڑی کی طرح معافیاں مانگتے اور پاوں پکڑتے ہیں پاکستان جب بھی ترقی کی جانب گامزن ہوا پی ٹی آئی کی جانب سے رخنے ڈالنے کی کوشش کی گئی،گنڈا پور مریم نواز کے متعلق غلاظت بکنے سے قبل اپنے گھر کی خواتین کا ہی خیال کر لیتے،سیاسی میدان و کارکردگی میں مریم نواز کا مقابلہ کرنے کی بجائے ذاتیات پر حملے کرکے ہیرو بنتے شرم آنی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہامریم نواز مخالفین کی بجائے پنجاب کے 11 کروڑ عوام کی خدمت کر رہی ہیں دوسری طرف خیبر پختونخوا حکومت کو 4کروڑ پختونوں کی بجائے مکار اور بدیانت شخص کی فکر ہے،کے پی اسمبلی میں وزیراعلیٰ کےخلاف آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں،سیاسی شہید بننے کےلئے سیاسی خودکشیاں کر رہے ہیں۔