پرامن و محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا:آرمی چیف

راولپنڈی: ( ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے 6 ستمبر کا دن قومی و عسکری تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، پرامن اور محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔


یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں جنرل سید عاصم منیر نے کہا آج کے دن بری، بحر ی اور فضائی افواج نے قوم کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ۔

6 ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یکجہتی کا جو عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا وہ مسلح افواج اور قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہے، قومی اتحاد و یکجہتی کے اسی جذبے سے سرشار ہو کر پاک افواج ارض پاک کی سرحدوں کی نگہبانی کا فریضہ انجام دے رہی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا مسلح افواج نے معرکہ ستمبر میں جس بے مثال جرات و بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا وہ نہ صرف تاریخ کے ابواب میں سنہری حروف سے رقم ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاک فوج کا نصب العین ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ نہ صرف طرہ امتیاز ہے بلکہ دشمنوں کے عزائم سے نمٹنے کے لئے ہمارا سب سے بڑا ہتھیار بھی ہے، پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، ہر افسر اور سپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی و تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے۔

آرمی چیف نے کہا جس جرات و جوانمردی کے ساتھ پاک افواج اور عوام نے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔


جنرل سید عاصم منیر نے کہا دہشت گردی کے عفریت کو جس بہادری و جوانمردی سے ہماری افواج نے قابو کیا ہے وہ کامیابی کسی اور ملک کی فوج کو نہیں مل سکی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان عدم استحکام کا شکار ہونے سے محفوظ ہے۔

آرمی چیف نے کہا ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آرہے ہیں، روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک و پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ۔

جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ملی یکجہتی کے ساتھ پرعزم رہتے ہوئے ڈیجیٹل دہشت گردی کے خطرے کا بھی بخوبی مقابلہ کر رہے ہیں، دنیا جانتی ہے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کا عزم ناقابل تسخیر ہے۔

آرمی چیف نے اعادہ کیا ہمارے پر امن و محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا پر امن بقائے باہمی کی خواہش کے باوجود وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار اور چوکس ہیں، وطن عزیز کی حرمت اور دفاع ہمارے لئے مقدم ہے اور ارض پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک افواج پرعزم و مستعد ہیں۔

آرمی چیف نے اپنے پیغام میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا اقوام عالم کو سمجھ لینا چاہیے خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے، کشمیری عوام کی امنگوں و اقوام متحدہ قراردادوں پر عمل پیرا ہونا لازم وملزوم ہے، بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کے باوجود کشمیری بھائیوں کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا پاکستان فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتا رہے گا، غزہ میں اسرائیلی جارحیت عالمی ضمیر پر سیاہ دھبہ ہے۔

آرمی چیف نے اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور خوشحالی کے عزم کے ساتھ عہد کی تجدید کریں متحد رہیں گے، اختلافات کو بھلاکر مثالی یک جہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔