مرجاوں گا مگر غلامی قبول نہیں ، ملک انقلاب کی جانب جا رہا ہے:عمران خان
راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ،سپیشل رپورٹر) سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے واضح کردوں جیل کی چکی میں مرجاوں گا مگر وقت کے یزید کی غلامی قبول نہیں کروں گا،مجھے بتایا جا رہا ہے طاقتور کے سامنے کھڑا ہونے کی جرات کیسے کی؟ ،ڈائیلاگ کی ضرورت،ملک انقلاب کی جانب جا رہا ہے، فیصلہ سازوں کے پاس کوئی عقل نہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پاکستان کرکٹ کے ساتھ ڈیزاسٹر ہوا اور محسن نقوی کا نام اخبارات میں نہیں چھپا، دنیا میں ہمارا مذاق ہو رہا ہے بنگلہ دیش نے ہماری پھینٹی لگادی، ان کو اوپر لایا گیا جنہیں چیئرمین پی سی بی بننے کا شوق ہے، اوپر بیٹھ کر فیصلہ کرنے والوں کے اربوں ڈالر بیرون ممالک میں ہیں، آج بتا رہا ہوں ملک انقلاب کی جانب جا رہا ہے، 8 فروری کے خاموش انقلاب سے جاگ جانا چاہیے تھا، فیصلہ سازوں کے پاس کوئی عقل نہیں، احمقانہ فیصلے نہیں دیکھے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے سبق سکھانے کےلئے 7 ماہ سے بشریٰ کو جیل میں رکھا ہوا ہے، مجھے بتایا جا رہا ہے طاقتور کے سامنے کھڑا ہونے کی جرات کیسے کی؟ یہ مجھے بتا رہے ہیں سائفر کے سامنے کیوں کھڑے ہوئے؟ میں واضح کردوں جیل کی چکی میں مرجاوں گا مگر وقت کے یزید کی غلامی قبول نہیں کروں گا، ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا جو آج ہو رہا ہے، بلوچستان میں کرائسز بڑھتا جا رہا ہے، اگر کے پی میں پی ٹی آئی نہ ہوتی تو وہاں بھی اتنا ہی کرائسز ہوتا ،حل ڈنڈوں اور بندوقوں میں نہیں ،منتخب لوگوں کو آگے آنے دیں۔
عمران خان نے کہا بلوچستان میں پتلے بٹھانے سے مسائل بڑھے، حالات ہاتھ سے نکل رہے ہیں، اختر مینگل بالکل درست کہہ رہا ہے یہ بہت خطرناک ہو رہا ہے، اس کا حل یہ ہے کہ وہاں پر لوکل باڈی الیکشن کرائیں اوپر والوں کا پیسہ نیچے ہی نہیں جاتا وہاں غربت ہے، این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کو جو رقم ملتی ہے وہ نیچے پہنچتی ہی نہیں، ملک بھر میں اصلی لوکل باڈی الیکشن کی ضرورت ہے، ملک میں ڈائیلاگ کی ضرورت ہے
علاوہ ازیں اسلام آباد کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ کی مختلف کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔
مزید برآں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آگئیں، بانی پی ٹی آئی پر پولیس ،ایف آئی اے ،اینٹی کرپشن اور نیب میں درج مقدمات اور انکوائریز کی رپورٹ حاصل کرلی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں کل 48 مقدمات درج ہیں، عمران خان پر لاہور میں پنجاب پولیس کی جانب سے 18 مقدمات درج کیے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی پر شیخوپورہ میں 7مقدمہ درج ہیں، سابق وزیراعظم پر گوجرانوالہ میں ایک، راولپنڈی میں 13اور اٹک میں 2 مقدمات درج ہیں، بانی پی ٹی آئی پر فیصل آباد میں 5، سرگودھا اور میانوالی میں ایک ایک مقدمہ درج ہے،عمران خان کےخلاف ایف ائی اے میں ایک اور اینٹی کرپشن پنجاب میں دو انکوائریاں زیر التوا ہیں۔
نیب رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر نیب کے تین کیسز زیر التوا ہیں، عمران خان کیخلاف 190 ملین پاونڈ اور توشہ خانہ کی 2انکوائریاں زیر التوا ہیں۔



















