ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ ایجنسیوں کی تحویل میں نہیں، وزارت دفاع

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ اکرم ایجنسیوں کی تحویل میں نہیں، وزارت دفاع نے تحریری بیان جمع کرادیا۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کی بازیابی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس رضا قریشی نے سماعت کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل آئی ایس آئی یا ایم آئی کی تحویل میں نہیں، سی پی او نے بھی جیل بابت لاعلمی کا بیان حلفی جمع کرا یا،وزارت دفاع کی طرف سے تحریری بیان داخل کیا گیا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، آئی بی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بیان حلفی جمع کراتے ہوئے کہاڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ اکرم کسی بھی صوبائی یا وفاقی ایجنسی کی تحویل میں نہیں ،عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ سے استفسار کیا ایک بندہ جیل حدود سے لاپتہ ہوا، آپ نے کسی اتھارٹی سے رابطہ کیا، جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیتے ہوئے کہاپولیس کےساتھ مکمل تعاون کر رہا ہوں،جج نے ریمارکس دئیے سیکرٹری دفاع سے بیان حلفی لے لیتے ہیں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

عدالت نے پولیس ،جیل انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایک بندہ مسنگ ہے، جیل انتظامیہ ،پولیس سوئی ہوئی ہے۔

دوسری جانب سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ صدر بیرونی میں اہلیہ میمونہ ریاض کی مدعیت میں درج کر لی گئی،ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا14 اگست کی صبح 5 بجے جیل کالونی میں گھر کی بیل بجائی گئی، دروازہ کھولاتو 3 افراد ماسک پہنے باہر کھڑے تھے،ماسک پہنے نامعلوم افراد میرے شوہر کو ساتھ لے گئے، بیٹے نے ماسک پہنے افراد کی ویڈیو بنائی اور پھر موبائل کو چھت کی طرف پھینک دیا۔