ملکی نظام جرنیلوں، بیوروکریٹس نے سنبھال لیا ، آئین کو مذاق بنا دیا گیا ،چیف جسٹس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ملک کا نظام جرنیلوں اور بیوروکریٹس نے سنبھال لیا ، آئین کو مذاق بنا دیا گیا ،اٹارنی جنرل آپ کو علم ہی نہیں چیزیں کیسے ہو رہی ہیں،ریسٹورنٹ ہٹانے چلے تھے ہاوسنگ سوسائٹیاں نکل آئیں، کیا نیشنل پارک کی دیکھ بھال کرنا وزارت داخلہ کا کام ہے؟ پولیس، ادارے دہشتگردی ختم کرچکے جو اب پارک دیکھیں گے؟ ۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے مارگلہ نیشنل پارک میں کمرشل سرگرمیوں کے کیس پر سماعت کی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے مارگلہ نیشنل پارک قومی اثاثے کے تحفظ کیا حکم دیا چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ کو عہدے سے فارغ ،محکمہ وزارت داخلہ کے ماتحت کردیا گیا، وزارت داخلہ کا کام تو امن و عامہ دیکھنا ہے،حکم کی سنگین خلاف ورزی ، حکومتی اقدامات سے عدالتی فیصلے کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، نجی ہوٹل کے مالک سیکرٹری کابینہ کے کیا لگتے ہیں، کیا سیکرٹری کابینہ نجی ہوٹل مالک کے بھائی نہیں؟ کابینہ سیکرٹری نے وائلڈ لائف بورڈ چیئرپرسن کوہٹانے کی سمری وزیر اعظم سے منظورکرائی۔

سپریم کورٹ نے سیکرٹری کابینہ کامران علی افضل سمیت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ،مونال ریسٹورنٹ کے مالک لقمان علی افضل کو فوری طلب کرکے کیس میں وقفہ کیا،دوبارہ سماعت کے آغاز پرسیکرٹری کابینہ کامران افضل نے موقف اپنایا مارگلہ نیشنل پارک وزارت داخلہ کے سپرد کرنے کی سمری میںنے نہیں بھیجی بلکہ وزیراعظم نے خود حکم جاری کیا جو آفس تک پہنچا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ نے وزیراعظم کو کہا نہیںرولز کی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم کا اختیار نہیں کچھ بھی کر دیں، رولز بیوروکریٹس نے ہی بتانے ہوتے ہیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وفاقی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جرنیلوں ،بیوروکریٹس نے ملک کا نظام سنبھال لیا، اٹارنی جنرل آپ کو علم ہی نہیں چیزیں کیسے ہو رہی ہیں۔

سیکرٹری کابینہ کامران افضل کی جانب سے وزیراعظم کو صاحب کہنے پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے غلامی کی زنجیریں توڑ دیں، وزیراعظم صاحب نہیں ہوتا، شہباز شریف صاحب کہیں تو سمجھ آتی ہے، وزیراعظم کےساتھ صاحب مت لگائیں،بیوروکریٹس عوام کے نوکر ہیں،ابھی تک غلامی والی سوچ ختم نہیں کی گئی، سیکرٹری کابینہ کو توہین عدالت کا نوٹس کر دیتے ہیں، آئین کو مذاق بنا دیا گیا ۔

چیف جسٹس نے کہا کیا نیشنل پارک کی دیکھ بھال کرنا وزارت داخلہ کا کام ہے، پولیس ،قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی ختم کر چکے جو اب پارک بھی دیکھیں گے، تعلیم و صحت سمیت سب کچھ وزارت داخلہ کو دے دیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی سے استفسار کیا وائلڈ لائف بورڈ وزارت داخلہ کو منتقل کرنے کا کس نے کہا تھا، سیکرٹری کا جواب تھا وزارت نے ایسی کوئی سمری نہیں بھیجی، وزیر اعظم کا فیصلہ تھا۔

سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے کہا چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ رعنا سعید کو ہٹانے کا وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے کہا تھا، رومینہ خورشید عالم نے کہا میں نے رعنا سعید کو ہٹانے کا نہیں کہا ،چیف جسٹس نے کہا سیکرٹری صاحب جھوٹ بول رہے ہیں یا پھر رومینہ خورشید صاحبہ، کیا کسی نے اوپر سے کال کی یا خلائی مخلوق سے کال آئی، کیا نیشنل پارک وزارت داخلہ کے حوالے کیا جانا چاہیے ،سیکرٹری و کوآرڈی نیٹر موسمیاتی تبدیلی نے نیشنل پارک وزارت داخلہ کو دینے کی مخالفت کردی۔

سپریم کورٹ نے چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ رعنا سعید کی برطرفی روکتے ہوئے وائلڈ لائف بورڈ کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد بھی روک دیا ،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے وائلڈ لائف بورڈ کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کے عمل کو روکنے سمیت چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہامنگل کو متوقع کابینہ اجلاس میں معاملہ وزیر اعظم کے علم میں لائیں گے،عدالت عظمیٰ نے وائلڈ لائف بورڈ سمیت تمام معاملات وزیر اعظم کے نوٹس میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے پائن سٹی پرتفصیلات ،مارگلہ ہلزنیشنل پارک وزارت داخلہ کو منتقل کرنے پر حکومت سے جواب مانگ لیا۔