پی ٹی آئی والے ایک طرف معصوم ،دوسری جانب کہتے ہیں کام چک کے رکھو،عظمیٰ بخاری

لاہور:(کورٹ رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے پی ٹی آئی والے باز نہیں آ رہے، ایک طرف معصوم بنتے ،دوسری جانب کہتے ہیں کام چک کے رکھو،میری ویڈیوز دوبارہ اپلوڈ کی جا رہی ہیں، ایف آئی اے نے ابھی تک کوئی ایکشن لیا نہ ہی کسی کو طلب کیا ،انصاف مانگنے کےلئے صبح صبح عدالتوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہااپنے لئے اور ملک کی دیگر خواتین کیلئے میدان میں کھڑی ہوں،میرے کیس میں ابھی تک ایسی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جسے تسلی بخش قرار دیاجاسکے،دوسری خواتین کے پاس آخری آپشن خودکشی کے علاوہ کیا رہ جاتا ہے؟ تو کیا خودکشی کر لینی چاہیے؟ ۔

وزیر اطلاعات نے کہا طوفان بدتمیزی کرنے والے دندناتے پھر رہے ہیں،نہیں پتہ ایف آئی اے کمیٹی کیا کر رہی ہے،حکومتی عہدے پر ہونے کے بعد بھی انصاف مانگنے کےلئے آئی ہوں۔

دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کےخلاف درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے آپ کو درخواست کے ساتھ منسلک تصاویر ہٹا دینی چاہئے تھیں اگر آپ درخواست کے ساتھ منسلک تصاویر ہٹا دیتے تو درخواست لگ جاتی،عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کےلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔