راولپنڈی: (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پاک فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے ،مذاکرات کےلئے تیار ہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا محمود اچکزئی کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا ، دوسری طرف سے کوئی نام سامنے آتا تو بات کرتے، محمود اچکزئی پر پورا بھروسہ ہے،مذاکرات کےلئے پہلا مطالبہ ہے چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے، دوسرا مطالبہ گرفتار کارکنوں کی رہائی ،مقدمات کا خاتمہ ہے، تیسرا مرحلہ ملک بچانے کا ہے جو صاف شفاف الیکشن کے بغیر ممکن نہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہافضل الرحمن کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفے کی بات تیسرے مرحلے کی ہے، جماعت اسلامی کے دھرنے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، پارٹی دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی، لیڈر شپ کو کہوں گا جماعت اسلامی کے دھرنے میں شمولیت اختیار کریں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا9 مئی واقعات میں بےگناہی سی سی ٹی وی میں چھپی ہے، 9 مئی میں پی ٹی آئی کا کوئی بندہ ملوث ہے تو ضرور سزا دیں،حکومت کا ایک ہی مقصد ہے پی ٹی آئی اور فوج کو لڑواکر جماعت ختم کرائیں، دونوں جماعتیں سمندر میں ڈوب رہی ہیں۔
عمران خان نے کہا گھر میں کوئی بگڑا ہوا بچہ ہو تو تنقید کی جاتی ،تنقید جمہوریت کا حسن ہے،بھٹو کی سزا کے پیچھے جنرل ضیا،سقوط ڈھاکہ کے پیچھے جنرل یحییٰ خان کا ہاتھ تھا آپ اگر ظلم کریں گے تو کیا فوج پر تنقید بند کر دیں، ایس آئی ایف سی کیااور محسن نقوی کون ہے؟ ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے اور محسن نقوی انہی کا تو نمائندہ ہے،محسن نقوی سے کبھی بات نہیں کروں گا۔
پاک فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے ،مذاکرات کےلئے تیار ہیں،عمران خان



















