190 ملین پاونڈز کیس، وکلا صفائی کو جرح کیلئے آخری وارننگ

راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر) عدالت نے190 ملین پاونڈز کیس میں وکلا صفائی کو جرح کیلئے آخری وارننگ دےدی۔

احتساب عدالت کے جج علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں عمران ،بشریٰ کےخلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر سماعت کی،سماعت کے دوران وکلا صفائی عدالت میں پیش نہ ہوئے، 10 بجے سماعت کے موقع پر دونوں ملزمان بھی عدالت پیش نہ ہوئے، سماعت کے آغاز پر وکلا صفائی عدالت میں موجود نہ تھے جس پر سماعت ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کی گئی،معاون وکیل نے 11 بجے سماعت پر عدالت میں موقف اپنایا سینئر وکلا راستہ میں ہیں کچھ دیر میں پہنچ رہے ہیں،عدالت نے وکلا صفائی کو جرح کی آخری وارننگ دے دی اور ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔

دریں اثناپنجاب حکومت نے بشریٰ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دیں،جسٹس طارق سلیم شیخ نے بشریٰ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی،سرکاری وکیل نے کہا بشریٰ کیخلاف اینٹی کرپشن میں ایک اور پنجاب پولیس میں 12 مقدمات درج ہیں، سائبر کرائم یونٹ میں بشریٰ کیخلاف کوئی انکوائری نہیں،عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب کیلئے مہلت فراہم کر دی۔

علاوہ ازیں علیمہ خان نے کہا عمران خان نے ملاقات میں کہا فوج پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، نیوٹرل ہو جائے،ن لیگ اور پیپلز پارٹی اخلاقی طور پرہار چکے ، موجودہ حکومت چاہتی ہے پی ٹی آئی اور فوج آمنے سامنے ہوں،9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز نکالیں، معلوم ہو جائے گا 9 مئی کا ذمے دار کون ہے؟ بے گناہ لوگوں کو چھوڑا جائے، اصل ملزمان کےخلاف کیسز چلائے جائیں۔