اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر وزارت داخلہ و وزارت قانون کے افسر طلب کر لیے ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے پا کستانی شہری کینیا کی پولیس کے ہاتھوں کیوں مارا جائے گا؟۔
صحافی ارشد شریف قتل کیس میں جوڈیشل کمیشن کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر نے کی،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا حکومت کا کمیشن تشکیل کے حوالے سے کیا موقف ہے؟ یہاں کا جو معاملہ ہے اس سے متعلق کیا کمیشن بن سکتا ہے؟ کمیشن وفاقی حکومت نے بنانا ہے اس سے متعلق بتائیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سپریم کورٹ کے سامنے کمیشن کا معاملہ بھی تھا، چیف جسٹس نے کہا اس حوالے سے کیا قباحت ہے؟ تحقیقات تو ہونی چائیں، آج نہیں تو 10 سال بعد تحقیقات ہونی تو ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے آئی جی، ایس جے آئی ٹی کے مطابق ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں کیونکہ اس کے ثبوت کینیا میں ہیں، جوڈیشل کمیشن کا مقصد کیا ہوتا ہے، کیا اس نے چالان جمع کرانا ہوتا ہے؟، جسٹس عامر فاروق نے کہا جوڈیشل کمیشن نے انکوائری کرنا ہوتی ہے اور اس کی رپورٹ پبلش ہونی چاہیے۔
آئی جی اسلام آباد کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا آپ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک پاکستانی شہری کینیا کی پولیس کے ہاتھوں کیوں مارا جائے گا؟،اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کے مجاز افسر کو 6 اگست کو طلب کر لیا ۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے از خود نوٹس سماعت کیلئے مقرر ہوگیا،جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ 29 جولائی کو سماعت کرے گا، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بینچ کا حصہ ہیں،اٹارنی جنرل، ڈی جی ایف آئی اے، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔
پا کستانی شہری کینیا پولیس کے ہاتھوں کیوں مارا جائے گا؟:ہائیکورٹ



















