40 بجلی چور گرفتار،لیسکو صارفین کی سہولت کیلئے کھلی کچہریاں

لاہور (خبرنگار) وزارت پاور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد لیسکو صارفین کو بجلی بلوں اور دیگر معاملات میں درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ کرنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو انجینئرشاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو کے آٹھوں سرکلوں میں اس حوالے سے خصوصی کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ میڈیا اور پینا فلیکسز کے ذریعے عوام الناس کو اس بابت پیشگی اطلاع بھی دی جارہی ہے۔ تمام ایس ڈی اوز اپنی ٹیم کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی سب ڈویثرنز میں کھلی کچہریوں کا باقاعدہ انعقاد یقینی بنا رہے ہیں۔ ایس ایز اور ایکسین ان کچہریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔گزشتہ روز کھلی کچہریوں میں مختلف نوعیت کی کل2031شکایات موصول ہوئیں جس میں سے 1954شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا۔ دریں اثناءانسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 508ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے159 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ30کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانیوالے کنکشنوں میں 14 کمرشل،10زرعی اور484 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو4 لاکھ27ہزار 522 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ52لاکھ84 ہزار903 روپے ہے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو299روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل1 لاکھ7ہزار404ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،90ہزار744 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر34 ہزار526 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک11کروڑ98لاکھ 77 ہزار869 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت4ارب28کروڑ61 لاکھ95ہزار707 روپے ہے۔ علاوہ ازیں انجینئر ٹاﺅن سب ڈویژن میں محمد شہزاد لائن مین گریڈ1،عقیل عباس کمرشل اسسٹنٹ ریونیو آفس ٹاﺅن شپ دونوں اہلکاروں پربجلی چوری اورکرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر اتھارٹی نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے نوکری سے برطرف کر دیا۔ دوسری طرف ڈائریکٹر کسٹمرسروسز سرور مغل کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں مہم کے271ویں روز106 نا دہندگان سے5.05 ملین روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔