ذاتی طور پر کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کو مناسب نہیں سمجھتا: گورنر پنجاب

پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کا اپنا تھا ہم سے اس بارے مشاورت نہیں ہوئی بعد میں ایک میٹنگ ضرور ہوئی تھی
پیپلز پارٹی اس حوالے سے پارٹی اجلاس میں مشورہ کریگی، معاملہ سی ای سی اجلاس میں لے جایا جائیگا، سردار سلیم حیدر خان
لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کو مناسب نہیں سمجھتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کا اپنا تھا ہم سے اس بارے مشاورت نہیں ہوئی بعد میں ایک میٹنگ ضرور ہوئی تھی، پاکستان پیپلز پارٹی پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے پارٹی اجلاس میں مشورہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پابندی کے معاملے کو پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں لے جایا جائیگا، پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے فیصلہ پارٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر سیاسی جماعتوں پر پابندی کو مناسب نہیں سمجھتا، پی ٹی آئی کو دو حصوں میں رکھ کر سوچیں ایک 9 مئی والے دوسرے محب وطن سیاستدان ہیں، 9 مئی میں ملوث افراد پر کیس چلا کر اگر وہ ذمہ دار ہوں تو سزائیں دیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں جو سیاستدان 9 مئی میں ملوث نہیں ان کے خلاف کارروائی مناسب نہیں۔