ایڈیاک ججز پر تنازع،حکومت نے تعیناتی آئینی قراردےدی،سپریم جوڈیشل کونسل جائینگے،اپوزیشن

اسلام آباد،لاہور،کراچی:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)ایڈیاک ججز پر تنازع،حکومت نے تعیناتی آئینی قراردےدی،تقرری مسترد،اپوزیشن کاسپریم جوڈیشل کونسل جانے کااعلان،معاملے پر وکلاءتنظیمیں تقسیم،جسٹس مقبول نے بھی سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی۔

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا میری نظر میں ایڈیاک ججز تعینات ہونے چاہئیں اور آئین بھی اجازت دیتا ہے،ایڈہاک ججز چیف جسٹس نہیں بلکہ جوڈیشل کمیشن نے مقرر کرنے ہیں، جوڈیشل سسٹم کی اصلاحات کیلئے آئینی ترمیم کے حق میں ہوں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہاچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبریں درست نہیں ، پنشن بل زیادہ ہونے پر سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی بحث نے جنم لیا،دنیا بھر میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد میں اضافہ ہوا ، پنشن کی مد میں حکومت کو بھاری رقم ادا کرنا پڑتی ہے، جوڈیشری سمیت تمام سرکاری ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز زیر غور تھی، آئین میں ترمیم کا اختیار پارلیمان کے پاس ہے۔

وزیر قانون نے کہااپریل کے آخر یا مئی کے اوائل میں چیف جسٹس سے جوڈیشل کمیشن کی میٹنگ پر ملاقات ہوئی تھی،جسٹس قاضی فائز کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، چیف جسٹس نے کہا مدت ملازمت کی توسیع میں دلچسپی نہیں،تجویز سے جسٹس منصور علی شاہ متفق تھے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا تھا چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار پارلیمان کے پاس ہے۔

اعظم نذیر تار ڑ نے کہاسپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے ایک جماعت کو مضبوط ہونے کا موقع دیا گیا، 8ججز نے مخصوص نشستوں کے کیس میں آئین کو ری رائٹ کیا جن ایم پی ایز کو بغیر سنے گھر بھیجا گیا وہ بھی ریویو میں آ رہے ہیں،پی ٹی آئی رہنماوں پر آرٹیکل 6 لگانے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جا سکتا ہے، تحریک انصاف تحریک عدم اعتماد پر اجلاس طلب نہیں کر رہی تھی، تحریک عدم اعتماد کیلئے اجلاس طلب کرنے کیلئے عدالت جانا پڑا۔

دوسری جانب اپوزیشن نے ایڈہاک ججز کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ایک ساتھ تعطیلات کے دوران 4 اہڈہاک ججز کو 3 سال کےلئے سپریم کورٹ لانا بدنیتی پر مبنی ہے۔

تحریک انصاف ،سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا ،ذرائع کے مطابق ایڈ ہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،اپوزیشن لیڈر سینٹ سینیٹر شبلی فراز نے جوڈیشل کمیشن کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ، خط میں جوڈیشل کمیشن سے ایڈہاک ججز کی تقرری پر مخالفت سے باقاعدہ آگاہ کیاجائےگا،اجلاس کے بعد اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے احتجاجی مارچ کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاایڈہاک ججز آزاد عدلیہ کےلئے مضر ہے، معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں، ججز معاملے کو متنازع نہ بنائیں،اقدام بدنیتی پر مبنی ہے،عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل کرانا سپریم کورٹ ،چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاپی ٹی آئی ملک کے 70 فیصد عوام کی ترجمان جماعت ہے،کوئی بھی پابندی حکومتی خاتمے کی طرف کاو¿نٹ ڈاو¿ن ہوگا، پی ٹی آئی محب وطن پارٹی تھی، ہے اور رہے گی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاچیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ عمران خان کے خلاف مضامین لکھتی رہی ہیں، انہوں نے اپنا مائنڈ دیا، چیف جسٹس کو عمران خان سے متعلق کوئی کیس نہیں سننا چاہیے،پھر مطالبہ کرتا ہوں چیف الیکشن کمشنر ودیگر ممبران فوری مستعفی ہوں ورنہ آرٹیکل 6 کے تحت کاررروئی ہونی چاہیے،حکومت پاگل ہوچکی ،کسی کا باپ بھی پارٹی پر پابندی عائد نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ نے کہا ہے پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور رہے گی۔

سینٹ میں قائد اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا عدالتی فیصلے کے بعد حکمران ٹولہ تلملا اٹھا ، بوکھلا کرسمجھ نہیں آ رہی کیا کریں ،پارٹی پر پابندی کا فیصلہ انتہائی بھونڈہ ہے،حکومت کے پاس تمام آپشن ختم ہوگئے، فچ رپورٹ میں کہا گیا حکومت 18 ماہ کی مہمان ہے،ملک کےساتھ مزید کھلواڑ کے متحمل نہیں ہوسکتے،ملک کو مہذب ممالک کی صف میں لانا ہے تو آپ کو آئین و قانون کی حکمرانی ماننا پڑے گی۔

شبلی فراز نے کہاپی ٹی آئی پر پابندی کے اعلان کے معاملے پر پیپلز پارٹی بیچ بیچ میں نہ کھیلے، واضح مو¿قف لے،آئین و قانون پر کام کریں ورنہ ملک میں افراتفری ، بے چینی اور پھیلے گی۔


بعدازاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ فیصلے کے تناظر میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا،اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کیساتھ لاہور منتقلی کے دوران ناروا سلوک ،پارٹی پر پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی،پی ٹی آئی نے کہاتحریک انصاف پر پابندی کا اعلان غیر منتخب حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت اور اعتراف شکست ہے،سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرریوں کے فیصلے پر انتہائی تشویش اورصاحبزادہ امیر سلطان کے بعد معظم جتوئی کی غیر آئینی گرفتاری پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب معاملے پر وکلاتنظیم تقسیم ہوگئیں،پاکستان بار کونسل نے ایڈہاک ججز کی حمایت میں اعلامیہ جاری کر دیا،اعلامیے کے مطابق ممبران پاکستان بار کونسل نے ہی عارضی ججز کی درخواست کی تھی، چیف جسٹس نے گزارش مانتے ہوئے ایڈہاک ججز کیلئے کمیشن کا اجلاس بلایا،سپریم کورٹ میں سیاسی مقدمات کے باعث عام سائلین کے کیسز التوا کا شکار ہیں، پاکستان بار کونسل نے کہا آئینی ترمیم سے الگ آئینی عدالت قائم کی جائے، الگ آئینی عدالت آئینی و سیاسی مقدمات کا فیصلہ کرے، الگ آئینی عدالت سے سپریم کورٹ کے ججز کا قیمتی وقت بچے گا۔

ادھر لاہور، سندھ ہائیکورٹ بارنے ایڈہاک ججز کی مخالفت کردی،لاہور میں وکلا رہنماو¿ں کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر سپریم کورٹ بار حامد خان نے کہا آئین کے مطابق ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی صرف ججز کی کمی کی صورت میں ہو سکتی ہے مگر ججز کی تعداد مکمل ہے، جسٹس (ر) مشیر عالم کی طرح دیگر ججز بھی انکار کر دیں،سردار لطیف کھوسہ نے کہا اگر سپریم کورٹ میں کیسز کی تعداد زیادہ ہے تو آپ نے ایک ایک ماہ کی چھٹیاں کیوں کیں،؟ صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ نے چیف جسٹس سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاپاکستان بھر کے وکلا نمائندے سپریم کورٹ میں ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی کےخلاف ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ بار کے مطابق ایڈہاک ججز کیلئے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی مذمت کرتے ہیں، ایڈہاک ججز کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، مقدموں کا التوا ختم کرنا ہے تو مستقل ججز تعینات کیے جائیں،نوٹیفکیشن واپس لے کر ہائیکورٹ کے سینئر ججز کو ایلیویٹ کیا جائے۔

مزید برآں جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے بھی سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی ،جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے اپنے بیان میں کہا ذاتی وجوہات کی بنا پر ایڈہاک جج بننے سے معذرت کی ، ایڈہاک جج کی تعیناتی آئینی ،معاملے پر ہونے والی تنقید بلاجواز ہے،جسٹس(ر)مقبول باقر نے کہا چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کے فیصلے کی تائید کرتا ہوں، سپریم کورٹ میں مقدمات کا بیک لاگ نمٹانے کیلئے ایڈہاک ججز کی تعیناتی ضروری ہے،ایڈہاک ججز کی تعیناتی کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔