مہنگائی،چینی ،سیمنٹ سمیت ہر چیز کی اڑان،قیمتوں میں 300روپے تک اضافہ

لاہور:(کامرس رپورٹر)ہائے مہنگائی،چینی ،سیمنٹ سمیت ہر چیز کی اڑان،قیمتوں میں 300روپے تک اضافہ،غلام بن کر رہ گئے، شہری پٹرول بم پر پھٹ پڑے۔

لاہور سمیت دیگر شہروں میں چینی اضافے کے بعد 150 روپے کلو فروخت ہونے لگی، ہفتہ قبل کلو چینی کی قیمت 120 روپے تھی، ہول سیل ڈیلرز کے مطابق چینی کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل ہوشربا اضافے نے شہریوں کو پریشان کردیا، سرکاری ریٹ میں ایک روز میں 39 روپے اضافے کے بعد قیمت 591 روپے کلو تک جا پہنچی ۔

ادھر بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار سے تعمیراتی سامان مہنگا ہو گیا، سیمنٹ کی بوری 300 روپے اضافے کے ساتھ 1500 روپے تک جاپہنچی،غریب کیلئے گھر بنانا خواب بن گیا۔

دریں اثنا بجلی و گیس سمیت پٹر ولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، شہری پھٹ پڑے، اشہری نے کہا موجودہ حکومت سے اچھے کی کوئی امید نہیں، آئی ایم ایف کے غلام بن کر رہ گئے ،نوجوان نے کہا غریبوں کی پریشانی کو کوئی سمجھنے والا نہیں وہ کس طرح گزارا کررہے ہیں،آئے دن بجلی گیس پٹرول سمیت ہر چیز پر پیسے بڑھا دیئے جاتے ہیں، عوام بری طرح پس کر رہ گئے کہاں جائیں؟،غریب کے تن پر کپڑے بھی سب نوچ کر کھا گئے۔