بنوں،ڈی آئی خان،راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بنوں،ڈی آئی خان میں دہشتگرد حملے،10جوانوں سمیت 15شہید،جوابی کارروائی میں13دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق15 جولائی کی صبح 10دہشتگردوں کے گروپ نے بنوں چھاونی پر حملہ کیا ،چھاونی میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاونی کی دیوار سے ٹکرا دی،خودکش دھماکے میں 8 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، کلیئرنس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ،بھرپور جوابی کارروائی میں تمام 10 حملہ آورمارے گئے،خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا کچھ حصہ گرگیا ،ملحقہ انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونےوالوں میں نائب صوبیدار شہزاد، حوالدار ظل حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق ، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور ایف سی کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں،شہدا کا تعلق پونچھ ،خوشاب، نیلم ،مظفر آباد ، کرک، بہاولپور اور لکی مروت سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کی گھناو¿نی کارروائی حافظ گل بہادر گروپ نے کی جو افغانستان سے کام کرتا ہے، گروپ ماضی میں بھی دہشتگردکارروائیوں کےلئے افغان سرزمین استعمال کرتا رہا ہے،افغان عبوری حکومت ایسے عناصر کےخلاف موثر کارروائی کرے، افغانستان سے آنےوالے خطرات کےخلاف مناسب سمجھے جانے والے تمام ضروری اقدامات کریں گے ،مسلح افواج دہشتگردی کی لعنت کےخلاف مادر وطن اور عوام کا دفاع کرتی رہیں گی۔
دہشتگردی کا دوسرا واقعہ ڈی آئی خان میں پیش آیا ،کڑی شاموزئی رورل ہیلتھ سینٹر پر 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب حملہ کیا گیا،دہشت گردوں نے رورل ہیلتھ سینٹر پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے 5 بےگناہ شہری 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز، 2 بچے ،چوکیدار شہید ہوگئے،کلیئرنس آپریشن کےلئے اردگرد موجود سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ،2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔
شہدا میں نائب صوبیدار فاروق ،سپاہی جاوید اقبال شامل ہیں،تعلق نارووال ،خانیوال سے تعلق ہے،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے گھناونے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف زر داری، وزیر اعظم شہبازشریف ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے بنوں چھاونی پر بڑا دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاپوری قوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کےساتھ کھڑی ہے۔
آصف زرداری نے کہاجوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچایا،پوری قوم کو قربانی پر فخر ہے،دہشتگرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔
شہبازشریف نے کہادہشتگردی کےخلاف پاک فوج و دیگر سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں ،پوری قوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کےساتھ کھڑی ہے،حملے میں شہید ہونےوالے بہادرجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں،دہشتگردی کے عفریت کو مکمل ختم کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔
ڈی آئی خان میں دیہی مرکز صحت پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے صدر،وزیراعظم نے کہا معصوم بچوں ،عورتوں پر حملہ کرنےوالے بزدل دہشت گرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہامعصوم بہنوں اور بھائیوں کے ہر خون کے قطرے کا حساب لیں گے، سفاک و بزدل دہشتگردوں نے خواتین ہیلتھ ورکرز ،بچوں کو بھی نہ بخشا، سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کو یقینی بنایا،خواتین ،بچوں کے قاتلوں ،سرپرستوں کا بھی سر قلم کر کے دم لیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاصوبائی حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہے، رورل ہیلتھ سنٹر پر حملہ انتہائی قابل مذمت اقدام ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے، واقعات میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے لائق نہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہامرکز صحت پر حملہ سفاکیت کی انتہا ہے، معصوم بچوں،خواتین کو نشانہ بنانےوالے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں،درندگی کا مظاہرہ کرنے والے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے۔
بنوں ،ڈی آئی خان میں حملے،10جوانوں سمیت15 شہید ،13دہشت گرد جہنم واصل



















