ماہانہ 200 یونٹ تک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانےکافیصلہ واپس

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت نے 200 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ وفاقی کابینہ نے 200 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کی منظوری دیدی، وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لی۔

جولائی تاستمبر2024 کیلئے ماہانہ 200 یونٹ تک والے صارفین کوریلیف دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت ٹیرف پرریلیف دینے کیلئے تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی دیگی، وفاقی کابینہ نے بجلی کے فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظورکیا تھا۔

اس سے قبل کابینہ نے200یونٹ تک پروٹیکٹڈ ،نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے اضافہ منظور کیا تھا، ایک سے100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 3.95 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ ماہانہ101سے200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف4.10 روپے بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی ، ماہانہ ایک سے100 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.11وپے اضافہ منظور کیا گیا تھا، ماہانہ101سے200 یونٹ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں 7.12 روپے اضافہ منظور کیا گیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی تجویز ہے، ماہانہ50یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہیگا، ماہانہ51سے100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ ٹیرف7.74 روپے برقرار رہیگا۔