اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن ٹربیونل اسلام آباد نے جواب جمع نہ کروانے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور راجہ خرم نواز پر 20، 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے انہیں آئندہ سماعت سے قبل بیان حلفی دوبارہ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ اسلام آباد الیکشن ٹریبیونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اسلام آباد کے 3 حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شعیب شاہین کو الیکشن ٹربیونل کیلئے طریقہ کار پڑھنے کی ہدایت کی۔ وکیل شعیب شاہین کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ الیکشن ٹربیونل نے 6 ماہ میں الیکشن اپیلوں پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے، ٹربیونل نے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنی ہے، 7 دن سے زیادہ کی تاریخ نہیں دینی۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ٹریبیونل کے پاس شو کاز نوٹس جاری کر کے رکنیت معطل کرنے کا بھی اختیار ہے، اگر التوا ہوگا تو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، ٹرائل بھی روزانہ کی بنیاد پر ہوگا، یہ بنیادی اصول ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں سے دوبارہ بیان حلفی طلب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت سے پہلے بیان حلفی جمع کرائیں، پہلے بیان حلفی آئیں گے پھر ہم آگے دیکھیں گے۔
الیکشن ٹربیونل نے ریمارکس دئیے کہ تینوں درخواستوں کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی تاہم ہر حلقے کی الگ الگ سماعتیں ہوں گی۔ ٹربیونل نے راجہ خرم نواز کو فارم 45 اور 47 سمیت مکمل جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے بروقت جواب جمع نہ ہونے پر ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا، ٹربیونل نے جرمانے کی رقم تین روز میں جمع کروانے کا حکم دیا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے وکیل سردار تیمور نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا، الیکشن ٹربیونل نے ریمارکس دئیے کہ آپ جب تک وکالت نامہ جمع نہیں کرواتے تب تک آپ دلائل نہیں دے سکتے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے موقف اپنایا کہ وکیل کی خدمات حاصل کرنی ہیں، بہت زیادہ ریکارڈ ہے، اسلئے جواب جمع کروانے کیلئے وقت دیا جائے۔
الیکشن ٹربیونل نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری پر بھی جواب جمع نہ کروانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے پرسوں تک جواب جمع کروانے کا حکم دیدیا۔ الیکشن ٹریبیونل نے این اے 48 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے درخواست پر سماعت 9 جولائی، این اے 47 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے درخواست پر سماعت 10 جولائی جب کہ این اے 46 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے درخواست پر سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔
الیکشن ٹربیونلز اسلام آباد کا مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں پر جرمانہ، بیان حلفی دوبارہ جمع کرانے کا حکم



















