ڈرگ مافیا کو کچل دیں گے،موثر کریک ڈاون ہوگا،محسن نقوی

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا،یادگار شہدا پر حاضری دی،پھول رکھے،فاتحہ خوانی کی ،شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بعدازاں محسن نقوی کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کےخلاف موثر کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا،وزیرداخلہ نے جامع پلان طلب کرتے ہوئے کہاکالجز و ہاسٹلز میں منشیات خصوصا آئس کی خرید و فروخت روکنے کےلئے بھرپور کارروائی کی جائےگی،مشاورت کرکے صوبوں کواعتماد میں لیا جائے گا،وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں ہو گا۔

محسن نقوی نے کہا منشیات خصوصا آئس کی لعنت نے کئی خاندان تباہ کر دئیے ،لعنت کے خاتمے کیلئے فوری طور پر کثیر الجہتی اقدامات کرنا ہوں گے،اپنے بچوں کےلئے سب نے پوری قوت اور پختہ عزم سے لعنت کےخلاف جہاد کرنا ہے،اپنا حصہ ڈال دیا تو بہت بڑا کار خیر ہو گا۔