تہران،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اصلاح پسند مسعود پزشکیان نئے ایرانی صدر منتخب،الیکشن کمیشن نے نتائج کااعلان کر دیا۔
صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے نتائج کے مطابق اصلاح پسند مسعود پزشکیان نے اپنے حریف و سخت گیر رہنما سعید جلیلی پر باآسانی فتح حاصل کرلی ،3کروڑ افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا،ایک کروڑ 63 لاکھ سے زائد افراد نے مسعود پزشکیان کو ووٹ دیا، سعید جلیلی ایک کروڑ 35 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرسکے ، ووٹر ٹرن آوٹ 49 فیصد رہا،ایرانی وزارت داخلہ نے مسعود پزشکیان کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا مسعود پزشکیان نے اکثریتی ووٹ حاصل کرلیے۔
اپنی وکٹری تقریر میں پزشکیان نے کہاسب ملک کے باشندے ہیں ،سب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے،سعید جلیلی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا عوام کے فیصلے کی عزت اورپوری قوت سے پزشکیان کی مدد کرنی چاہیے تاکہ مضبوطی سے آگے بڑھیں۔
دوسری جانب صدر ،وزیراعظم نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے،صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہاپاکستان ،ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، امید ہے آپ کی قیادت میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،خطے کے امن و خوشحالی کےلئے ملکر کام کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کےلئے نومنتخب ایرانی صدر کےساتھ ملکر کام کرنے کا منتظرہوں،بھائی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد، شہباز شریف نے کہا پڑوسی ممالک کی حیثیت سے پاکستان ،ایران کے درمیان قریبی و تاریخی تعلقات ہیں، باہمی فائدہ مند تعاون کے ذریعے عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہیے۔
مسعود پزشکیان نئے ایرانی صدر منتخب، ملکر کام کرینگے:صدر،وزیراعظم



















