پشاور (مشرق نیوز) خیبرپختونخوا میں رواں برس ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔ سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک 55 دہشت گرد حملوں کو ناکام بنایا گیا، 322 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا اور 124 کو ہلاک کیا گیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کا بتانا ہے کہ رواں سال دہشت گردوں کے خلاف 1433 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہوئے۔ سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق 2خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرکے پشاور کو بڑی تباہی سے بچایا گیا، کارروائیوں میں محسن قادر گروپ، بیٹنی پڑاکیے گروپ، ٹیپو گل گروپ اور ضرار گروپ کو انجام تک پہنچایا گیا جبکہ سنتا گروپ، ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ کے کمانڈرز اور انکے ساتھیوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ خیز بارود کی سمگلنگ میں ملوث 14 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، 18 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی تھی جن میں سے انتہائی مطلوب 10 دہشت گردوں کو گرفتار جبکہ 8 کو آپریشنز میں ہلاک کیا گیا۔ سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق رواں سال 273 دہشت گرد حملے ہوئے جبکہ حملوں میں 118 پولیس اہلکاروں اور افسران کو ٹارگٹ کیا گیا۔
کے پی میں رواں سال 1400 سے زائد آپریشنز میں 124 دہشت گردوں کو ہلاک کیا: سی ٹی ڈی



















