بلوچستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کا کمانڈر ساتھی سمیت گرفتار

کوئٹہ:(بیورورپورٹ)”را“کاایک اور دہشتگرد نیٹ ورک پکڑا گیا،بلوچستان سے کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوریٰ کے کمانڈر کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے پریس کانفرنس کرتے کہاکالعدم تنظیم کے 2 اہم کمانڈرز نصر عرف مولوی منصور اورادریس عرف ارشاد کو مشکل آپریشن کے بعد گرفتار کرلیا،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، دہشتگرد کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت دہشتگردوں کی مالی مدد کرتا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا نوجوان دشمن کے عزائم کو پہچانیں ،باتوں میں نہ آئیں، گمراہ لوگ اپنے ملک، صوبے اور لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں،باہر بیٹھے نوجوانوںکوورغلایا گیا ،کسی شک کی گنجائش نہیں رہنی چاہیے تمام شورش کے پیچھے عالمی سطح کے دہشتگرد بھارت کا ہاتھ ہے جس کی کارروائیوں سے امریکہ ،کینیڈا تک میں لوگ محفوظ نہیں ، پاکستان میں بھارت 20 سال سے افغانستان میں بیٹھ کر صرف پیسے کا استعمال کر کے دہشت گردی کرا رہا ہے۔

دریں اثنا پریس کانفرنس سے قبل گرفتار دہشتگرد کا ویڈیو بیان چلایا گیا، نصر عرف مولوی منصور نے کہا میرا تعلق تحصیل ساراروغا ضلع جنوبی وزیرستان کے گاوں واچاخوڑا سے ہے،تعلق محسود قبیلے سے اور عمر 44 سال ہے،کالعدٹی ٹی پی کے وجود میں آنے سے پہلے 2005 سے محسود کے پلیٹ فارم سے تخریبی کارروائیوں میں حصہ لیتا رہا ہوں،2007 میں کالعدم ٹی ٹی پی میں شامل ہوا۔

دہشتگرد کمانڈر نے کہا16 سال سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ رہا ہوں، دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں براہ راست حصہ لیا ،آ پر یشن ضرب عضب کے دوران افغانستان فرار ہوکر پکتیکا میں رہنے لگا،16 سالوں کے دوران پاکستان کی سکیورٹی فورسز کےخلاف عملی طور پر دہشتگردکارروائیوں میں حصہ لیا،حملوں میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں ،عوام کا بہت جانی و مالی نقصان ہوا،میری ذمے داری کالعدم ٹی ٹی پی کےلئے تمام تر عسکری، مالی و دیگر امور کو مرکزی طور پر کنٹرول کرنا تھا۔

نصر نے کہاجنوری 2024 میں مفتی نور علی محسود ،وزیر دفاع مفتی مزاحم نے مجھے قندھار افغانستان بلایا اور مجھے بتایا خاص مقصد کےلئے پاکستان کے صوبے بلوچستان جانا ہے،سپن بولدسے ہوتے ہوئے کالعدم بی ایل اے کی رہنمائی اور مدد سے بلوچستان کے جنوب سے بارڈر کراس کرنا تھا،پلان مفتی صاحب نے کالعدم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کمانڈر بشیر زیب کے ساتھ مل کر بنایا،سارے کام کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کا ہاتھ تھا جو چاہتی تھی کالعدم بی ایل اے ،ٹی ٹی پی کا الحاق کرایا جائے اور ٹی ٹی پی کےلئے بلوچستان کے علاقے خضدار میں مراکز قائم کیے جائیں،”را“ کے 3 مقاصد سی پیک کو سبوتاژ ،لوگوں کو اغوا کرکے جبری گمشدگیوں کے معاملے کو ہوا دینا ،بلوچستان میں کارروائیاں کرکے لوگوں میں بے چینی اور مایوسی پھیلانا تھا،مجھے سختی سے حکم دیا گیا کالعدم بی ایل اے والوں کے ساتھ کوئی دینی معاملات پر بات چیت نہیں کرنی، مفتی صاحب نے کہا بی ایل اے کا دین کےساتھ کوئی تعلق نہیں ، پورے یقین کےساتھ کہہ سکتا ہوں کالعدم ٹی ٹی پی کا سارا نظام خصوصاً مالی نظام کے پس پشت بھارت ہے۔