اسلام آباد:(بیورورپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے نیب کو ختم کرنا ہوگا،اپوزیشن عوامی مفاد میں ساتھ بیٹھے،احتجاج کی بجائے تجاویز دے،میثاق معیشت کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاعوام کو روٹی کپڑا مکان، غربت اور مہنگائی میں کمی میں دلچسپی ہے، عوام امید رکھتے ہیں ہم ذاتی مسئلے سائیڈ پر رکھیں گے،وزیراعظم شہباز شریف نے میثاق معیشت کی بات کی، میثاق معیشت کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے، اگر نیشنل اکنامک چارٹر بنانا ہے تو سب سے مشورہ کرنا ہوگا، یہاں بیٹھے دونوں طرف کے لوگوں سے بھی بات کرنی ہوگی، سیاسی مشاورت سے جو حل نکلتا ہے وہ زیادہ بہتر ہوتا ہے، پاکستان کے معاشی حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا دعا ہے وزیراعظم کی ٹیم اور ہم مل کر ملک کو ان حالات سے نکالیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بجٹ میں 27فیصد اضافہ ہوا، بھارت میں بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح ایک منصوبہ پیش کیا گیا، معلوم تھا ماضی میں باجوہ ڈاکٹرائن کے نام پر ہماری کون کون سی کامیابیاں نشانے پر تھیں،آگے بڑھنے سے پہلے پرانے وعدوں پر عملدرآمد کیا جائے، وزیراعظم کی ابتدائی تقریر میں ہمارے چند پوائنٹ شامل تھے، ابھی تک ان چیزوں پر عملدرآمد نہیں ہوا،
بلاول بھٹو نے کہاتجویز کیا تھا کمپنیوں سے لے کر کسانوں کو ڈائریکٹ سبسڈی دی جائے، فرٹیلائزڈ کمپنیوں کو حکومت اربوں کی سبسڈی دلواتی ہے، وزیراعظم کو مشورہ ہے آگے قدم بڑھائیں ان بڑی بڑی لابیز کا مقابلہ کرنے کیلئے ، پیپلز پارٹی لابیز کا مقابلہ کرنے کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کےساتھ ہے، بجٹ میں فیصلہ کیا گیا کس طرح کسانوں پر مزید بوجھ ڈال سکتے ہیں، نگران حکومت کی وجہ سے کسانوں کو نقصان ہوا ہے، امکان ہے اب بھی کسانوں کو نقصان ہوگا، ہم زرعی شعبے کی مدد کرکے اچھے نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاآنے والے وقت کا اہم مسئلہ موسمی تبدیلی ہے، پاکستان کے عوام کو ہیٹ ویو اور سیلاب کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑتا ہے، پوری دنیا موسمی تبدیلی سے پریشان ہے، نارتھ پول اور ساوتھ پول کے بعد سب سے بڑی برف کی تعدادناردرن ایریاز میں موجود ہے، پاکستان تھرڈ پول کے طور پرجانا جاتا ہے، دنیا کو بتانا ہوگا ہمارا کیا ہوگا جب ہمارے پہاڑوں کی برف پگھلے گی،موسمی تبدیلی کو سیریس لینا ہوگا۔
نیب کو ختم کرنا ہوگا،اپوزیشن عوامی مفاد میں ساتھ بیٹھے،میثاق معیشت ناگزیر ہے،بلاول



















