وفاقی و صوبائی حکومتیں اقلیتوں کاتحفظ یقینی بنائیں،قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی نے اقلیتوں کے تحفظ کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت اجلاس میںوزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا سوات واقعہ نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، پاکستان کسی ایک شخص نہیں بلکہ رہنے والے سارے پاکستانی برابر کے شہری ہیں،ہندو، عیسائی اور سکھ بھی برابر کے پاکستانی ہیں،پاکستان میں اقلیتوں کےلئے اٹھنے والی آواز کا گلا گھونٹا جارہا ہے، اقلیتوں کا کبھی سوات کبھی سرگودھا کبھی فیصل آباد میں قتل ہوتا ہے، مذہب کے نام پر خون بہانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایوان کو مسئلے پر متفق و متحدہ موقف اختیار کرنا چاہیے، پاکستان میں مسلمانوں کے چھوٹے فرقے اور کوئی مذہبی اقلیت محفوظ نہیں۔

بعدازاں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی اقلیتوں کے تحفظ کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا،قراراد میں کہا گیاوفاقی و صوبائی حکومتیں اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں، پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کےخلاف کارروائی کی جائے،اپوزیشن نے قرارداد کے مندرجات پر احتجاج کیا تو وزیر قانون نے کہا اپوزیشن ہر معاملے کو اپنے لیڈر کی رہائی کےساتھ نہ مشروط کرے آپ اگر اپنے قائد کی رہائی شامل کرنا چاہتے ہیں تو ایسا نہیں ہوسکتا۔