لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان آج اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے گئے جہاں انہوں نے ایرانی صدر اور رفقا کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے اظہار تعزیت کی۔گورنر پنجاب نے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اوران کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ ایرانی عوام اور حکومت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دکھ میں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ابراہیم رئیسی پاکستانی حکومت اور عوام سے محبت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ویژنری لیڈر تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ابراہیم رئیسی مسلم امہ کے اتحاد کے بہت بڑے حامی تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے حال ہی میں پاکستان کا کامیاب دورہ کیا تھا جس میں اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی قلمبند کئے۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں دکھ بانٹنے اور حوصلہ دینے کیلئے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی عوام اور حکومت کے تہہ دل سے مشکور ہوں۔ علاوہ ازیںگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گزشتہ رات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بغدادالجدید کیمپس میں ہاسٹل طالبات کی جانب سے پانی کی عدم دستیابی پر احتجاج کا نوٹس لے لیا۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کو پانی کی فراہمی کیلئے فوری متبادل انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی انتظامیہ کو مزید ہدایت کی ہے کہ پانی کی فراہمی کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے بغداد الجدید کیمپس میں دو اضافی ٹربائن جلد از جلد نصب کی جائیں تاکہ طلبا وطالبات کو شدید گرمی کے موسم میں کسی بھی دشواری کا سامنا نہ کریں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے گورنرپنجاب کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام ہاسٹلز میں پانی کی سپلائی بحال کرا دی ہے۔ یونیورسٹی رجسٹرار شجیع الرحمان کے مطابق موجودہ ٹربائن کی مرمت کیساتھ ساتھ دو اضافی ٹربائن کی تنصیب کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔مزید برآں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وہاڑی میں کم عمر گھریلو ملازمہ سے زیادتی کے واقعہ کے حوالے سے محکمہ پولیس کے متعلقہ افسران کو مظلوم خاندان کی داد رسی اور انہیں انصاف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی تاکید کی۔
صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں:گورنر پنجاب



















