ڈرگ فری پنجاب، خواتین، بچوں سے متعلقہ جرائم کیخلاف مہم میں تیزی لائی جائے:آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انو رنے کہا ہے کہ ڈرگ فری پنجاب، خواتین بچوں سے متعلقہ جرائم کے خلاف جاری مہم کو موثر سپرویژن سے مزید تیز کیا جائے، خطرناک مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوا کر شہریوں کو انصاف کی بلا تاخیر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے انویسٹی گیشن کا معیار مزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلائنڈ مرڈر کیسز حل کرنے کیلئے فرانزک شواہد، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اورپروفیشنل سکلز سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو جاری کیں۔ دریں اثناءپنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈاکوو¿ں، منشیات فروشوں، شرپسند عناصر سے مقابلوں میں زخمی ہونے والے پولیس افسران کی غازی میڈلز سے حوصلہ افزائی کی۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 12 بہادر افسران و جوانوں کو غازی میڈلز سے نوازا،ڈی ایس پی بلال احمد، اے ایس آئی عاشق علی، اے ایس آئی محمد عمران گل،کانسٹیبلان خرم شہزاد، ثاقب رزاق، محمد ناصر، محمد ندیم، محسن یوسف،کانسٹیبلان محمد عرفان، محمد ندیم، رانا عدنان منظور، زبیر یونس کو غازی میڈلز نوازا گیا۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے ایک اور پولیس ملازم کی کم سن بیٹی کی سماعت کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چکوال پولیس کے کانسٹیبل گلستان کی 7 سالہ بیٹی فاطمہ زہرہ کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کامیابی سے مکمل ہو ئی ہے، بچی علاج کے بعد سننے کے قابل ہوگئی، والدین نے بیٹی کو سکول داخل کروا دیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسپکٹر رینک پر پروموٹ ہونے والے افسران کی عزت افزائی کیلئے خصوصی تقریب منعقد کی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر سینئر افسران نے 32انسپکٹرز کو نئے عہدے کے رینک لگائے، سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پروموٹ ہونے والے افسران کے اہلخانہ اور بچوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے افسران کو مبارک باد دی، مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ انسپکٹر سے ڈی ایس پی پروموشن کے بھی 7 بورڈ ہو چکے، آٹھواں جلد منعقد ہوگا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ آرگنائزڈ کرائم، سائبر کرائم یونٹ، سیف سٹیز اتھارٹی میں بھی مزید نئی آسامیاں آرہی ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی میں عنقریب مزید پروموشنز کرنے جا رہے ہیں، اگلے ماہ مزید ترقیاں ہونگی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہدا اور ڈیتھ ان سروس کے ورثا کو 2400 سے زائد ملازمتیں دی جا چکی ہے، پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس 1600 سے زائد شہدا اور 1700 غازیوں کی امین فورس ہے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کی عزت وناموس کی حفاظت، محنت، خدمت اور ایمانداری کو نصب العین بنائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ میرٹ، سنیارٹی،شفافیت کی بنیاد پر تمام فیلڈ فارمیشنز میں ترقیوں کا عمل جاری رہے گا،ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون اور ٹو، اے ایس پیز نے تقریب میں شرکت کی۔