مہنگائی نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا، صدر و وزیراعظم کا محنت کشوں کو خراج تحسین

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر محنت کش افراد کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ مہنگائی نے مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثرکیا ہے، حکومت معاشی کمزور لوگوں کی مشکلات کے ازالے کی کوشش کررہی ہے اور معیشت کی بحالی کیلئے مستقل مزاجی سے محنت کرنا ہوگی۔

دوسری جانب صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش طبقے کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے چیلنجز کاسامنا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ مزدوروں کو ضروری تربیت اور حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی۔