سیاسی قیدیوں کی رہائی تک ڈیل نہ مفاہمت:شیر افضل مروت

اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ) پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہاہے8 فروری اور 21 اپریل کوشب خون مارا گیا، وقت آ گیا عوام اپنے حقوق کےلئے پرواز کرےں،بانی پی ٹی آئی نے واضح کہہ دیا سیاسی قیدیوں کی رہائی تک کوئی ڈیل یا مفاہمت نہیں ہوگی۔

اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہابانی پی ٹی آئی نے خواتین کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا خواتین کی گرفتاری پر انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں؟سعودی عرب کے معاملے پر میرے بیان پر بانی پی ٹی آئی نے میری سرزنش کرتے ہوئے کہابیان مناسب نہیں تھا، کیسز نہ لگنے کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیر افضل مروت کی قصور میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیر افضل مروت کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے2ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پنجاب پولیس کو گرفتاری سے بھی روکدیا۔