ڈی آئی خان،شمالی وزیر ستان، پشین، سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں13دہشت گرد جہنم واصل
راولپنڈی (بیورورپورٹ) سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنز خفیہ معلومات پر کیے گئے، ڈی آئی خان میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 10 دہشت گرد مارے گئے، شمالی وزیرستان میں مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا،بلوچستان کے علاقے پشین میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر سنزلہ پہاڑ میں کارروائی کی، آپریشن کے دوران فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقہ مکینوں نے کارروائیوں کو سراہا، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔



















