ٹرین میں خاتون کی ہلاکت، انکوائری میں کانسٹیبل کو کلین چٹ، تشدد کا ذمہ دار قرار، گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ کو خط

لاہور (اپنے نمائندے سے) ملت ایکسپریس میں خاتون پر تشدد اور ہلاکت کے معاملے کی ابتدائی انکوائری مکمل کر کے رپورٹ ریلوے حکام کو بھیج دی گئی۔انکوائری رپورٹ کے مطابق ٹرین کا عملہ، عینی شاہدین اور کچھ مسافروں کے بیانات لئے گئے، انکوائری میں ایس ایچ او حیدرآباد اور اے ایس آئی کی غفلت بتائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق خاتون کی ہلاکت کے وقت تشدد کرنے والا کانسٹیبل ٹرین میں نہیں تھا، معلوم ہوا کہ خاتون کی ہلاکت ٹرین سے گرنے یا چھلانگ لگانے سے ہوئی۔ رپورٹ میں کانسٹیبل میر حسن کو خاتون پر تشدد کرنے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 12اپریل کو کانسٹیبل میر حسن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، ڈیوٹی افسر اے ایس آئی تنویر نے خاتون کا ہنگامہ دیکھ کر کارروائی نہ کی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او ریلوے حیدرآباد نے بھی ٹرین میں جا کر معاملہ حل نہیں کیا، ایس ایچ او ریلوے پولیس غلام حسین نے ڈیوٹی میں سنگین کوتاہی کی۔علاوہ ازیں ملت ایکسپریس میں خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد اور موت کی تحقیقات کیلئے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی۔ پولیس کے مطابق تھانہ چنی گوٹھ میں ریلوے پولیس اہلکار میر حسن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، نامزد ملزم میر حسن کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے، ملزم میرحسن ریلوے پولیس کا ملازم اور سندھ کا رہائشی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والی خاتون مریم کے خاندان کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے جس میں مریم کے بھائی، بھتیجا اوربھتیجی کو طلب کیا گیا ہے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ مریم کے قتل کا مقدمہ 16 اپریل کو درج کیا گیا تھا جب کہ مریم کےگھر والوں کو 20 اپریل کو تھانہ چنی گوٹھ میں طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ”مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں“۔