لاہور:(اپنے نمائندے سے)ریلوے انتظامیہ کی مبینہ غفلت ،عید ایام میں مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے دعوے کاغذی نکلے،راول ایکسپریس میں ٹکٹ خریدے بغیر مسافر سفر کرنے لگے،ٹکٹ خرید کر آنے والی فیملیز کو سیٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا،سی ای او ریلویز کا مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کی منصوبہ بندی زبانی جمع تفریق تک محدود ہے۔
محکمہ ریلویز کے سی ای او کا مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کی خاطرسپیشل مسافر ٹرینوں کی چلانے کی منصوبہ بندی ناکام دکھائی دی، لاہور سے راولپنڈی رات 12بجکر 30منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس اوورلوڈ ہونے کی وجہ سے بغیر ٹکٹ خریدے شہری اے سی پارلر کے راستے میں بیٹھ گئے، مسافروں کے مطابق ٹکٹ خرید کر آنے والی فیملیز کو بھی بیٹھنے نہیں دیاگیا،بغیر ٹکٹ سفر کرنیوالے مسافروں کی جانب سے ٹکٹ خرید کر سفر کرنیوالے افراد کو دھمکایا گیا ۔
صورتحال پر پاکستان ریلوے کی انتظامیہ خاموش تماشا ئی بنی رہی، مسافروں کو عید کے ایام میں ریلیف فراہم کرنے کے دعوے جھوٹے نکلے جبکہ مسافروں کو سفر کرنے کے دوران تحفظ بھی فراہم نہیں کیا گیا، ریلویز انتظامیہ مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے دعوے راول ایکسپریس میں پیدا ہونے والے مسائل سے ثابت ہو چکے ہیں، ریلویز انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ریلویز انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث مسافروں کو عید کے ایام میں پیسے دینے کے باجود سفر کرنے کی خاطر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے عوام کی جانب سے ریلویز پر اعتماد ختم ہوتا جارہا ہے، سی ای او ریلویز کی حکمت عملی بھی مسافروں کو عید میں ریلیف فراہم نہ کر سکی ۔
ریلوے انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی ،مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرنے لگے



















