اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نئے سینیٹرز کی حلف برداری،چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کیلئے میدان سج گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔
ایوان بالا کے اجلاس میں پہلے نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری پھر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب عمل میں لایا جائےگا،سینٹ سیکرٹریٹ نے سرکلر جاری کر دیا،سرکلر میں کہا گیا افسر صبح 8 بجے سے سینٹ اجلاس ختم ہونے کے آدھے گھنٹے بعدتک ڈیوٹی پر رہیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز ڈاکٹر زرقا سہروردی، فلک ناز، فوزیہ ارشد، سیف نیازی اور سیف ابڑو کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کےساتھ سماعت کی،پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی خیبر پختونخوا کی سینٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین سینٹ و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکا جائے۔
رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیاخیبر پختونخوا کی سینٹ نشستوں کا کیس پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، پشاور ہائیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے، دوران سماعت شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا وہاں پر الگ معاملہ ہے، مخصوص نشستوں کا مسئلہ تھا، الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو نشستیں دینے سے انکار کیا، سنی اتحاد کونسل نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، بعد میں معاملہ سپریم کورٹ چلا گیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر خیبرپختونخوا میں سینٹ الیکشن ملتوی کیے۔
شعیب شاہین نے کہاتمام صوبوں کی سینٹ نشستوں کی تعداد برابر ہے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا ،باقی صوبوں اور اسلام آباد میں سینٹ الیکشن ہوگئے ، خیبر پختونخوا میں ملتوی کردئیے گئے ،خیبرپختونخوا کے سینیٹر کے بغیرچیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا اگر الیکشن روک دیں اور عید کے بعد الیکشن ہو جائے تو کیا حرج ہے؟ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے دیکھنا ہوگا الیکشن روک بھی سکتے ہیں یا نہیں؟ ،عدالت نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا الیکشن رکوانے کی استدعا مسترد کردی۔
ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کےخلاف درخواست سیکرٹری سینٹ کو بھی جمع کرا دی،سینیٹر سیف نیازی نے موقف اپنایاخیبر پختونخوا کے سینٹ الیکشن تک چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ملتوی کیا جائے۔
ادھر پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینٹ کے انتخاب کےلئے رابطوں کا عمل تیز کردیا، ذرائع کے مطابق پی پی کی خصوصی کمیٹی اراکین کے سیاسی جماعتوں سے رابطے ہوئے،شیر ی رحمن نے کہایوسف رضا گیلانی کو سینٹ میں واضح حمایت حاصل ہے، جیالے پی پی امیدوار کے چیئرمین سینٹ بننے کی خوشی کا جشن منائیں گے۔
پی ٹی آئی کی چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینٹ کاالیکشن رکوانے کی استدعا مسترد



















