اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے پاکستان دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کےساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا، بشام واقعہ پرقانون نافذ کرنےوالے ادارے تحقیقات کررہے ہیں، تحقیقات مکمل ہوتے ہی میڈیا کو آگاہ کریں گے،پاکستان ،ایران نے تمام باہمی رابطہ چینلز کو بحال کر لیا ،ایرانی صدرکادورہ جلد متوقع ہے،ابھی حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاافغان انتظامیہ کالعدم ٹی ٹی پی کےخلاف ایکشن لیں،داسو حملے کے بعد چینی سکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، وفد کی سربراہی چینی وزارت خارجہ نے کی ، دورے کا مقصد چین کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا،پاکستان کا دہشتگردی پر موقف واضح ہے ، ہر قسم کی دہشتگردی کو ختم کرنے کے خواہاں ہےں اگر افغانستان حملے میں ملوث پایا گیا تومعاملہ بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاوزیر اعظم کے دورہ چین کی تاریخوں پر فیصلہ نہیں ہوا،دمشق میںایرانی سفارتخانے پر ہونےوالے حملے کی مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے اہلخانہ، عوام و ایرانی حکومت کے تئیں اپنی گہری تعزیت پیش کرتے ہیں، حملہ شام کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے۔
ممتاز ہرہ بلوچ نے کہا پاکستان ہر سال فلسطین پر قراردادیں جمع کراتا ہے،اسرائیل کو عالمی عدالت انصاف کے احکامات سے رو گردانی پر زیر احتساب لایا جائے،پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کا کشمیری عوام کی خواہشات و اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ،ایران نے انسانی بنیادوں پر جیلوں میں موجود قیدیوں کی رہائی و وطن واپس بھیجنے پر اتفاق کرلیا اورکوششیں تیز کر دیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے ڈاکٹر عسکر گلیلان ڈپٹی جسٹس منسٹر برائے انسانی حقوق و بین الاقوامی امور کی قیادت میں ایرانی وفد نے ملاقات نے کی،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایرانی وفد نے بتایا ایران کی جیلوں میں 160 پاکستانی جبکہ پاکستان کی جیلوں میں 60 ایرانی قیدی ہیں، ملاقات میں قیدیوں کی رہائی کےلئے وزارت داخلہ کے تعاون سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا،پہلے مرحلے میں انسانی بنیادوں پر قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
وزیر قانون نے ایرانی وفد کی تجویز کا کھلے دل سے خیر مقدم کیا او رہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکسی قانونی جرم میں ملوث نہ ہونے والے افراد کیلئے ضرور اقدامات کیے جائیں گے،ملاقات میں سیاحتی و تجارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے سفری و کاروباری سہولیات فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کالعدم ٹی ٹی پی کےساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے،دفتر خارجہ



















