ریکوڈک میں سعودیہ کی ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان کیلئے اچھی خبر،ریکوڈک میں سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالرز تک کی سرمایہ کاری کیے جانے کا امکان ہے، ریکوڈک میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ ہو گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے شیئرز سعودی عرب کو فروخت کیے جائیں گے، سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری آئندہ ماہ میں کیے جانے کی تیاریاں ہیں،ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی ریکوڈک میں سرمایہ کاری کےلئے وزیر اعظم شہباز شریف کمیٹی بنائیں گے،کمیٹی میں وزارت خزانہ، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور وزارت توانائی کے حکام شامل ہوں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو کمیٹی بنانے کےلئے وزارت خزانہ اور توانائی کی سمری بھیجی جائے گی،ذرائع وزارتخزانہ کے مطابق کمیٹی کی تشکیل کے بعد کمیٹی ممبران حتمی بات چیت کےلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں ریکوڈک میں سرمایہ کاری کےلئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حکومتی معاہدہ ہو گا۔