ملک بھر میں بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل ،ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک تفویض

لاہور ( اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پرملک بھر میں بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیااور بجلی و گیس چوروں کےخلاف کریک ڈاﺅن کےلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دےدی گئی ہیں،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی بجلی و گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں ایف آئی اے حکام نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو یونان کشتی حادثہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا، انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ اس ناسور کا سدباب ممکن ہو سکے، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو ہنڈی حوالہ میں ملوث افراد کےخلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر التوا پرموشن کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔